کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پرکراچی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام صوبے کے حقیقی حقوق کے لئے رہنمائی کرنے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔
بلاول بھٹو نے عبدالقادر مندوخیل کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی جمہوری نظام کے تحت کراچی کی عوام کی ترقی کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش تمام امور کے حل، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے جمہوری حقوق کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی ویسٹ IIمیں جمعرات کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل نے کامیابی حاصل کرلی۔
276 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی پی کے عبدالقادر مندوخیل 16ہزار156 ووٹ لے کر مقابلہ جیت گئے،سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود ووٹنگ کا تناسب انتہائی کم رہا۔
مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل 15ہزار473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے امیدوار نذیر احمد 11ہزار125 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔