اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اعلان کیا ہے کہ آج سے کورونا ویکسین کیلئے رجسٹرڈ 70 سال اور زائد العمر افراد کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی اجلاس کے بعد سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں عوام سے درخواست کی گئی کہ اپنے بزرگوں کو کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
این سی او سی کے اعلان کے مطابق بزرگ شہری کورونا ویکسین لگوانے کیلئے اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیج کر رجسٹر ہوسکتے ہیں جبکہ یہ طریقہ پاکستان کے تمام علاقوں کیلئے نافذ العمل ہے۔
تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویکسین مراکز میں واک اِن ویکسینیشن اور ویکسین کی مناسب مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔ این سی او سی اجلاس میں صوبائی انتظامیہ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان سے سختی سے نمٹا جائے۔ صوبے عوام سے سختی سے سماجی فاصلے اور ماسک پہننے جیسے اہم اصولوں کی پابندی کرائیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 511 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 شہری جاں بحق ہو گئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر کورونا سے 6 لاکھ 9 ہزار 964 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 13 ہزار 595 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 1 ہزار 895افراد کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 2 ہزار 511 نئے کیسز رپورٹ، 58 مزید شہری جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








