کراچی :پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی شہر کے لئے 1100ارب کے تاریخی پیکیج کے اعلان پر وزیر اعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔اس وقت کراچی شہرمیں بے تحاشہ مسائل موجود ہیں جس کی وجہ سے شہر ی شدید متاثر ہورہے ہیں۔
پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے 1100ارب کے پیکیج میں کراچی کے نالوں کی صفائی، زیر التوا پراجیکٹس کی تکمیل، ٹرانسپورٹ، شہر کی سڑکیں، سیوریج سسٹم، سالڈ ویسٹ اور پانی کی فراہمی جیسے بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے۔
پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت شہر کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اگر سندھ حکومت بھی کراچی کے مسائل کا مستقل حل چاہتی ہے تو اسے بھی وفاق کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی کی ترقی ہی ملک کی ترقی کی ضامن ہے۔
ملک کو 75فیصد ریونیو دینے والے شہر کے بنیادی مسائل ہمیشہ سیاست کی نظر ہوئے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کو مزید مشکلات میں نہیں گھرنے دے گی۔
مزید پڑھیں:کراچی میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین نے 5000 گیلن پانی ذخیرہ کر لیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








