لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بات ہو سکتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف جنگ جیت لی ہے، کوئی بھی الیکشن ہو حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، ڈسکہ ضمنی الیکشن میں ثابت ہو گیا عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہے، حکومت برے طریقے سے ہاری ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا تھا مل کر مقابلہ کریں گے، اسی لیے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار بنایا ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہم کم ووٹ کے ساتھ میدان میں آ رہے ہیں، لیکن ہم کم تعداد سے ہی حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بات ہو سکتی ہے، امید ہے قوم کو سینیٹ الیکشن میں اچھا رزلٹ دیں گے، سینیٹ الیکشن کے بعد بھی پی ڈی ایم کے ساتھ رہیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوری جدوجہد کے سفر کے لے کر آگے جا رہے ہیں، سب کو کہہ رہے ہیں کہ اس گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو، مارچ کے آخر میں مارچ بھی ہو گا، ہم پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں۔