وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں جج لگانے سے روکا جائے۔سپریم کورٹ میں درخواست دائر

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں جج لگانے سے روکا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیرا عظم شہباز شریف  جی بی میں چیف جج اور سپریم ایلیٹ کورٹ کے ججز کو مقرر کرنے میں منتخب حکومت کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

 حکومت نے عمران خان کی دہشت گرد نواز پالیسی روک دی۔بلاول

وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی جانب سے دائر درخواست میں گلگت بلتستان آرڈر 2018کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کسی کو تعینات کرنا ہے تو گلگت بلتستان کی منتخب حکومت سے مشاورت کرنا ہوگی۔ وزیراعظم جی بی حکومت کو بائی پاس کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ کی دائر درخواست پر ایکشن لیتے ہوئے وفاقی حکومت اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کردئیے۔ یکم مارچ تک جواب جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔

درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت جاری ہے جبکہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں مزید جج تعینات کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ کیا ججز کے تقرر پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے مشاورت نہیں کی جاتی؟

وکیل وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون کے تحت ججز مقرر کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی سفارش پر گورنر کو چاہئے کہ نام وزیر اعظم کو ارسال کرے۔ سپریم کورٹ بینچ کی سربراہی جسٹس اعجازالاحسن نے کی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے یکم مارچ تک جواب طلب کر لیا۔

Related Posts