لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نفسیاتی اور جمہوری جنگ ہار چکی ہے،عوام کو روکنا اب ممکن نہیں،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 13 دسمبر کو لاہور کے مینارِ پاکستان پراجتماع کا انعقاد کریگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے اور اگر کارکنان جوابی کارروائی کرتے ہیں تو پنجاب حکومت کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان بھی ذمہ دار ہوں گے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آج گجو متہ سے داتا دربار تک ریلی میں شرکت کریں گی۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یہ دعویٰ کرتے تھے کہ وہ احتجاج کرنے کے لئے اپوزیشن کو کنٹینر فراہم کریں گے اور حکومت روزانہ ریلی نہ روکنے کے بیانات جاری کرتی ہے لیکن اس کے باوجود کارکنوں کو نظربند کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچایا ہے،ریاستی مشینری اپوزیشن کے جلسے کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
اسد عمر نے کہا کہ انتظامیہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی، این سی او سی کے اجلاس میں کورونا سے عوام کی حفاظت کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائیگا۔