لاہور: شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی میں ہیرو کا کردار اداکرنے والے اداکارہ اینگن آلتان دوزیاتان جمعرات کے روز مختصر دورے پر لاہور پہنچ گئے۔
انقرہ میں پاکستان کے سفارتخانہ نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اینگن آلتان دوزیاتان ایک نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر پاکستان کے مختصر دورے کے لئے لاہور پہنچے ہیں۔
ترک پبلک براڈکاسٹر ٹی آر ٹی کی اردو ویب سائٹ پر جاری رپورٹ کے مطابق وہ لاہور میں مقیم چودھری گروپ آف انڈسٹریز کے ساتھ بطور برانڈ ایمبیسڈر معاہدہ کریں گے تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے وہ اپنے مداحوں سے نہیں مل پائے گا۔
ارطغرل غازی ان دنوں پاکستان ٹیلی ویژن پر اردو زبان میں نشر کیا جارہا ہے ، ڈرامے کی کاسٹ میں شامل فنکاروں کو پاکستان میں بھرپور پسند کیا جارہاہے۔ڈرامہ سیریز میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنیوالی اداکارہ ایسرا بلجیک بھی پاکستان کی مختلف کمپنیوں کے ساتھ کام کررہی ہیں۔
اگست میں ترک اداکار نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستانی بچوں سے ملاقات کی تھی،کراچی میں اس تقریب کا اہتمام میک اِ وش فاؤنڈیشن نے کیا تھا اور اس میں ترکی کے قونصل جنرل اور ممتاز پاکستانی اداکاروں نے بھی شرکت کی تھی۔
گذشتہ ہفتے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ترک ٹیلی فلمیں پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کی جارہی ہیں تاکہ لوگوں کو خاص طور پر نوجوانوں کو اچھے رول ماڈلزسے روشناس کروایا جاسکے۔