اسکردو: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کو پاکستان ڈکیت موومنٹ قرار دے دیا ہے۔
گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جو فوج اور اداروں کا وفادار نہیں، وہ پاکستان کا بھی وفادار نہیں ہے۔ ہم اداروں کی قربانیوں کو بھارت کی دوستی پر ضائع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خطاب کے دوران وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے اکاؤنٹ میں کھربوں روپے ڈالے گئے ہیں جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
پی ڈی ایم رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر وزیرِ اعظم ان کو این آر او دے دیں تو یہ عمران خان زندہ باد کے نعرے لگانے لگیں گے۔ وعدہ کرتا ہوں کہ اتنی ہی بات کروں گا جتنی میں عوام کیلئے کرسکوں۔
اپوزیشن پر مزید تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ گلگت بلتستان نے کہا کہ قوم کے کھربوں روپے لوٹنے والے کا جھنڈا لے کر گھومنے والا ملک کا غدار ہے۔ یہ لوگ صرف اپنی کرپشن بچانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے گلگت بلتستان سے نکالنا ہے تو گرفتار کرنا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








