کراچی: سابق وفاقی وزراء ایک ایک کرکے عمران خان کا ساتھ چھوڑتے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی بڑی وکٹیں گر گئیں، خسرو بختیار کے بعد علی زیدی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تحریکِ انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ گزشتہ روز خسرو بختیار نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی تھی۔
عمران خان کی میڈیکل رپورٹ مسترد، قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اپنے حالیہ ویڈیو بیان میں علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کافی سوچ بچار کے بعد کیا ہے۔ تحریکِ انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہورہا ہوں۔
سابق وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کیلئے سیاست میں آیا تھا۔ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرچکا ہوں اور اب دوبارہ بھی مذمت کرتا ہوں۔ افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں، انہی کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی ہیں۔ جو ہوا، وہ غلط تھا۔ ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ سیاست چھوڑنے کا فیصلہ مشکل تھا۔ پاکستان کی خدمت کی کوشش کروں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اداروں کے ساتھ محاذ آرائی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ سال پہلے پی ٹی آئی کور کمیٹی کی رکنیت اور جنوبی پنجاب کی صدارت چھوڑ چکا ہوں۔
خسرو بختیار نے کہا کہ 9 مئی کے دل سوز واقعات کے باعث پی ٹی آئی کے فلسفے سے دوری پر مجبور ہوں۔ یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل تقسیم، محاذ آرائی کی سیاست میں نہیں ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








