بلوچستان میں 29 مئی کو پولنگ مکمل نہ ہونے والے 8 اضلاع کی 13 یوسیز اور وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ری پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 29 مئی کو بلوچستان کے 8 اضلاع میں جھگڑے، بیلٹ پیپرز کی غلط چھپائی اور دیگر وجوہات پر الیکشن ملتوی کردیا گیا تھا، ان میں ضلع دکی، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت، لورالائی، ضلع پنجگور، سبی، نوشکی اور کیچ کے یوسیز اور وارڈز شامل ہیں۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق میونسپل کمیٹی قلعہ عبداللّٰہ کی وارڈ نمبر7 میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، یہاں ووٹرز کیلئے 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، دونوں پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 7 میں 1646 ووٹرز میں 1061 مرد اور 585 خواتین ووٹرز ہیں۔
نوشکی میں بھی ری پولنگ کےموقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، یہاں 2 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ اس علاقے میں 29 مئی کو پولنگ امیدوار کو غلط نشان الاٹ ہونے پر ملتوی کی گئی تھی۔
نوشکی کے یو سی 8 کے وارڈ نمبر 7 میں ووٹرز کی تعداد 528 ہے جن میں سے 295 مرد اور 233 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
لورالائی کی میونسپل کمیٹی کے دو وارڈز 4 اور 5 میں کُل ووٹرز کی تعداد 817 ہے، یہاں 29 مئی کو لڑائی جھگڑے پر پولنگ ملتوی کردی گئی تھی، تاہم آج ری پولنگ کی جارہی ہے۔