کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے کہا ہے کہ حکومت افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم افغان بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کسی طور دہشتگردی پر سمجھوتہ نہ کرے ۔ نیشنل ایکشن پلان پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے۔ دہشتگرد تنظیموں نے پاکستانی سیاست دانوں اور عوام کو نشانہ بنایا ہے۔ دہشتگردوں نے افواج پاکستان اور صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ داسو اور کراچی میں دہشتگردی کے تازہ واقعات ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے دہشتگردی کے واقعات پر توجہ نہ دی تو دہشتگردی کے واقعات مزید بڑھیں گے۔ سی پیک منصوبوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔ حکومت کو ڈلیور کرنا ہوگا وعدے پورے کرنے ہوں گے۔ ہم افغانستان کی صورتحال کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہےہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت افغانستان کے معاملے پر پارلیمان کو آن بورڈ لیا جائے۔ ہم بھی اپنے طور پر مختلف سفارتکاروں سے رابطے کریں گے۔