اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریاتی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر افغانستان سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی بار مدارس میں ماڈرن اسلیبس پڑھایا جائے گا اور اسکولز میں ناظرہ قرآن بھی پڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ 8ویں، 9ویں اور 10ویں کلاسز میں سیرت بنی پڑھائی جائے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر جلد قانونی اقدامات کرنے ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے پر تنہا فیصلہ نہیں کریں گے۔ افغانستان میں پرامن تبدیلی خوش آئند ہے۔ توقع ہے کہ طالبان انسانی حقوق کا خیال رکھیں گے۔ اطمینان کی بات ہے کہ افغانستان میں عوام کا نقصان کم ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا سیکورٹی خرچہ 954 ملین روپے ہے۔ 304 ملین روپے عدلیہ کی سیکورٹی پر خرچ آتے ہیں۔ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ اور گورنر کی سیکورٹی پر 457 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ اور بیوروکریٹ کی سیکورٹی پر 105 ملین روپے خرچ ہوتے تھے۔ وزیراعظم اور صدر ہاؤسز کے اخراجات کم ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ گھروں کو کیمپ آفس ڈیکلیئر کرکے حکومت سے اخراجات لیتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت سی پیک کے حوالے سے اپنی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لے، بلاول بھٹو زرداری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








