سرکاری اراضی پر قبضے کا کیس، ن لیگی رکنِ اسمبلی چوہدری اشرف گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: محکمۂ اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں ن لیگی رکنِ قومی اسمبلی چوہدری اشرف کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ اینٹی کرپشن پنجاب نے ساہیوال کے حلقے سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف کو 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں گرفتار کیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:

 سرکاری خزانے کو 80 کروڑ کا نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام

محکمۂ اینٹی کرپشن پنجاب نے الزام عائد کیا ہے کہ ن لیگی رہنما چوہدری محمد اشرف نے سرکاری اراضی کو جعلسازی کے ذریعے سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے مل کر جعلی کاغذات بنا کر اپنے قبضے میں رکھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنما و سابق رکن کو الزام ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے ایک فرضی شخص شریف ہاشمی کو جعلی الاٹی ظاہر کرکے سرکاری اراضی پر قبضہ کررکھا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے میو ہسپتال میں سرکاری خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنادی۔

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے گزشتہ ماہ میوہسپتال میں کرپشن کے بڑے اسکینڈل کو بے نقاب کرتے ہوئے پپرا رولز کی خلاف ورزی کرکے سرکاری خزانے کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

Related Posts