اسلام آباد: پاکستان میں سخت حکومتی اقدامات کے بعد کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آنے لگی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1893 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ وباء سے متاثرہ 83 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں تین ماہ بعد سب سے کم مثبت کیسز کی شرح رپورٹ ہوئی،ملک بھر میں کورونا کے 52859 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1893 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 83 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.58 فیصد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح تین ماہ بعد ایک روز میں سب سے کم شرح ہے، اس سے قبل 27 فروری کو کورونا کی سب سے کم شرح 3.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21105 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 28 ہزار 588 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 56 ہزار 5 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔