تہران :ایران کے دارالحکومت تہران کے نزدیک واقع ایک آئل ریفائنری میں آگ لگ گئی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کے جنوب میں شہرِرے میں واقع شاہد تونگویان ریفائنری میں شدید آگ بھڑک اٹھی ،خلیج عمان میں ایرانی بحری جہاز آگ لگنے کے بعد ڈوب گیا۔
تہران کی کرائسز مینجمنٹ ٹیم کے ڈائریکٹرجنرل منصوردرجاتی نے بتایا کہ ریفائنری کی پائپ لائنوں میں سے ایک سے تیل رسنے کے بعد آگ لگی ہے لیکن خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حکام کے مطابق اس آئل ریفائنری کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے آتش زدگی کے اس واقعہ میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوری طور شدیدآگ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ۔رپورٹ کے مطابق آگ ریفائنری میں موجود تیل ذخیرہ کرنے کے 18 ٹینکوں تک پھیل گئی ہے۔آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی ایران کی ایمرجنسی سروسز نے متعدد ایمبولینسیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی تھیں۔
اس واقعہ سے چند گھنٹے قبل خلیج عمان میں ایرانی بحریہ کے سب سے بڑے جہاز کوآگ لگ گئی تھی اور اس کے بعد وہ ڈوب گیا۔
واضح رہے کہ ایران میں جون 2020 کے بعد فوجی ، جوہری اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ چند روز قبل ایران کے جنوب مغربی شہر بوشہر میں واقع جوہری پاور پلانٹ کے نزدیک آگ لگ گئی تھی۔