وزیرِاعظم شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ شریک ملزم ملک مقصود عرف مقصود چپڑاسی کے کزن صغیر اعوان کا کہنا ہے کہ میں یہ بات حلفیہ کہتا ہوں ملک مقصود کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی۔
کزن صغیر اعوان نے کہا کہ ہم چپڑاسی نہیں قطب شاہی ہیں۔ ملک مقصود کے بارے میں جو کچھ کہا جارہا ہے بلکل غلط ہے۔ عمران خان، فواد چوہدری اور شہباز گِل کی اپنی کوئی زبان نہیں۔
صغیراعوان نے بتایا کہ ملک مقصود غریب آدمی تھا۔ اس کے بچوں کے پاس راشن کے پیسے بھی نہیں ہیں۔ وہ اپنے کزن کے ساتھ رہتا تھا ۔ پہلی بار اسے دل کی تکلیف ہوئی توڈاکٹر کے پاس گیا تھا۔
یاد رہے ملک مقصود کا نام وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں استعمال ہوتا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقصود چپڑاسی دو روز قبل دبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ میت کو لاہور لایا گیا اور مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے منی لانڈرنگ کیس کے اہم کردار مقصود چپڑاسی کی اچانک موت کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔