ڈی آئی خان : خیبر پختونخوا میں قبرستانوں سے مردے غائب اور زندہ جانور لاپتہ ہونے کی اطلاعات کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی آئی خان میں تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں واقع علاقہ کوراکے قبرستان سے متعدد مردے غائب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس نے 3 مردے غائب ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ دیگر قبریں بھی کھولے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہر دوسرے دن قبرکھود کے مردہ غائب کردیا جاتا ہے اور چند روز میں اب تک تقریباً 3 مردے غائب ہوچکے ہیں۔علاقہ مکینوں کی شکایت پر پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردی۔
ایس ایچ او ڈیرہ ٹاؤن کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قبریں کھود کر مردے نکالے جانے کی شکایت ملی ہے، مزید انکوائری کررہے ہیں اس حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے ہی وائلڈ لائف پارک سے 3 ہرن چوری کرلیے گئے ہیں، وائلڈ لائف پارک کے انچارج کے مطابق بیش قیمت تین کالے ہرن رات کی تاریکی میں چرا ئے گئے جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ قبرستانوں سے پراسرار طور پرمردے غائب ہونااور جانور لاپتہ ہونے پر شدید تشویش ہے اور لوگوں نے رات کے وقت گھروں سے نکلنا کم کردیا ہے۔
شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد واقعات کی تحقیقات مکمل کی جائے تاکہ عوام میں پائی جانیوالی تشویش کم ہوسکے۔