اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم اور سینیٹ انتخابات کیلئے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومت پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے، پی ٹی آئی حکومت اپنے اراکینِ اسمبلی سنبھالے۔
تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی ویڈیو وائرل ہونے پر وفاقی وزراء اور حکومتی نمائندوں نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف بیانات دئیے جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ووٹ مانگنا ہر امیدوار کا حق ہوتا ہے۔ حکومت اپنے اراکینِ اسمبلی کو سنبھال لے، یہی بہتر ہوگا۔
حکومتی نمائندوں کے بیانات پر ردِ عمل دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم پر بھونڈے الزامات عائد کیے جارہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم ووٹ چوری پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہیں۔ عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں، امید ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی ہمارے نام ہوگی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کو شرم کے مارے سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوجانا چاہئے کیونکہ ان کے صاحبزادے نے یوسف رضا کی جانب سے ووٹ خریدنے کا اعتراف کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ خریدنے سے متعلق ویڈیو جاری ہوئی اور پریس کانفرنس میں علی حیدر گیلانی نے اس کا اعتراف بھی کر لیا۔
مزید پڑھیں: یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوجانا چاہئے۔علی زیدی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








