جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی لڑائی نے ملک کے مؤقر اداروں کو بھی تقسیم کرکے رکھ دیا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ وہ ادارے جن پر ملک کی سالمیت کا دار و مدار ہے، ان میں انتشار اور خلفشار ملک کیلئے سخت نقصاندہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
آج کے دور میں زکوٰۃ کب ادا کرنا ضروری ہے؟
اپنے ایک بیان میں صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ سیاستدانوں کو چاہئے کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ اپنے سیاسی مسائل عدالتوں میں پہنچانے کے بجائے مل بیٹھ کر خود حل کریں، انتقامی سیاست اور ایک دوسرے کو ختم کرنے جیسے اشتعال انگیز بیانات سے اجتناب کریں، اس کا نتیجہ سوائے انتشار خانہ جنگی کے اور کچھ نہیں نکلے گا، جو خدانخواستہ سانحہ مشرقی پاکستان کی طرح کہیں کسی دوسرے سانحہ کا موجب نہ بن جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی نہ ختم ہونے والی سیاسی لڑائیوں نے ملک میں شدید انتشار، عدم استحکام اور تقسیم و تفریق کو ہی فروغ دیا ہے۔ گزارش ہے کہ تمام سیاستدان ملک و قوم کے بہتر مفاد میں سیز فائر کرلیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








