لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں نوٹس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آج ہونے والی پی ٹی آئی کی ریلی کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ایکشن لے لیا۔ عمران خان کو تحریری نوٹس ڈی ایم او کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔
عدلیہ اور قانون ہر صورت جیتے گا۔شیخ رشید
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھجوائے گئے نوٹس پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے دستخط موجود ہیں۔ تحریری نوٹس میں کہا گیا کہ لیبر ڈے پر عمران خان کی قیادت میں لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالی جارہی ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کا تحریری نوٹس میں کہنا ہے کہ ہمیں ریلی کے بارے میں پتہ چلا، ضروری ہے کہ آپ جلسے جلوسوں اور ریلیوں کیلئے ضلعی انتظامیہ سے باضابطہ اجازت حاصل کریں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو پابند کیا گیا ہے کہ ریلیوں اور جلسوں سے قبل ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔ پیشگی اجازت کے بغیر ریلی الیکشن کمیشن ضابطۂ اخلاق کے خلاف ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








