اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ہمسایہ ملک چین کا 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد ایک مشترکہ بیانیہ بھی جاری کیا گیا۔ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورۂ چین کے دوران چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
اپنے 2 روزہ مختصر سرکاری دورے کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی اور چینی میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کی۔ چین سے وطن واپسی کیلئے روانگی کے وقت چین میں پاکستانی سفیر معین الحق اور چینی وزارتِ خارجہ کے سینئر آفیشلز دورے کے اختتام پر انہیں چھوڑنے کیلئے آئے۔
دورۂ چین کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران پاک چین دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، سیکورٹی معاملات اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سمیت اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین پاکستان وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لئے 2 روزہ دورے پر چین پہنچے۔
سینیا ایئر پورٹ پر وزیر خارجہ کا سینئر چینی عہدیداروں اور چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے استقبال کیا جبکہ وزیرِ خارجہ نے دورے کے دوران مذاکرات میں پاکستان کی قیادت کی۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسٹرٹیجک مذاکرات کیلئے چین پہنچ گئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








