کراچی میں بادل پھر برسنے کیلئے تیار، نالے ابلنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں بادل پھر برسنے کیلئے تیار، نالے ابلنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا
کراچی میں بادل پھر برسنے کیلئے تیار، نالے ابلنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا

کراچی میں گزشتہ روز کی بارش کا پانی ابھی تک سڑکوں پر موجود ہے، نالے ابلنے کے باعث پانی شہرِ قائد کے گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ بادل ایک بار پھر برسنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن کے موجودہ اسپیل کے دوران کراچی کے ندی نالوں کے ابلنے سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کا قیمتی سامان ضائع ہوا۔

نالوں کے ابلنے کے باعث یوسف گوٹھ، سرجانی ٹاؤن اور بلدیہ سمیت دیگر علاقوں میں پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہوا ۔ نارتھ کراچی میں بھی پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث شہریوں کا بے حد نقصان ہوا۔

سرجانی ٹاؤن اور یوسف گوٹھ میں متاثرین کو کشتیوں کی مدد سے ریسکیو کرنا پڑا جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی ابھی تک کھڑا ہے جن میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور کورنگی شامل ہیں۔

فیڈرل بی ایریا اور لیاقت آباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لنڈی کوتل سے عائشہ منزل تک پانی کھڑا ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جس کے دوران نالوں میں مزید طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ  آج  صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

پیشگوئی کے مطابق صوبہ سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب، بالائی کے پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں  بارش ہوگی۔محکمۂ موسمیات

Related Posts