لاہور: ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب عمران خان کا نعرہ ن لیگ کا نعرہ بن جائے گا۔ اگر فروری میں انتخابات نہ ہوئے تو خاموش آمریت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ خاموش آمریت کی صورت میں سیاسی جماعتوں کو انتخابات کیلئے تحریک چلانی پڑے گی۔ اگر آئین سے ماورا عمل کو دوام بخشا گیا تو یہ نیک نیتی نہیں ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کو صدر کی دی گئی تاریخ پر الیکشن کرانا ہوگا۔مصدق ملک
انٹرویو کے دوران حافظ حمد اللہ نے کہا کہ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ سیاستدانوں پر تحریک چلانے کی مجبوری آنی ہے، اس کیلئے تمام جماعتوں کیلئے مولانا فضل الرحمان وحدت کا نقطہ ہوں گے، ایک دن یہ سارے سیاستدان الیکشن الیکشن الیکشن کہیں گے۔
پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا نعرہ الیکشن الیکشن ن لیگ کا نعرہ بن جائے گا اور سب سیاستدان انتخابات انتخابات پکاریں گے۔ مستقبل کی کوئی حکومت مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے بغیر نہیں بنے گی۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اگر حکومت جے یو آئی کے بغیر بنی یا بنائی گئی تو چل نہیں سکے گی۔ نگران کابینہ بنائے جانے کا عمل دیکھ رہا ہوں، اگر رشتہ داروں، بھائی بھتیجوں اور سالوں کو وزیر بنانا ہے تو اس طرح کمپنی چلنے والی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نگران حکومت نہیں بلکہ گھریلو سیاست ہے، ناممکن ہے کہ اس ماحول میں صاف و شفاف انتخابات منعقد ہوں۔ ایک دن آئے گا جب عمران خان کا الیکشن کا نعرہ سب سیاستدانوں کے لبوں پر ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








