العزیزیہ ریفرنس میں سزاء کیخلاف نوازشریف کی اپیل کی آج سماعت ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

IHC to hear Nawaz Sharif’s appeal in Al-Azizia reference today

اسلام آباد :سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزاء کے خلاف اپیل کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ اپیل کی سماعت کرے گا، عدالت میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق ایک رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نواز شریف کی ایک اور اپیل بھی زیر سماعت ہے۔

گزشتہ سماعت پر جسٹس عامر فاروق نے اٹارٹی جنرل سے نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے اقدامات سے متعلق استفسار کیا تھا۔حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے مؤقف اختیار کیا کہ وارنٹ گرفتاری نوازشریف کو موصول ہوگئے ہیں جس کے بعد عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی تھی۔

اس سے قبل یکم ستمبر کواسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کو العزیزیہ ریفرنس میں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو 10 ستمبر تک نواز شریف سے متعلق تمام ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی لیکن نواز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:حکومت کا چیئرمین نیب جاوید اقبال کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 17 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی گرفتاری کے لئے اقدامات کرنے پر وزارت خارجہ کو نوٹس جاری کیا تھا۔

Related Posts