اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی غیر قانونی تقرری سے متعلق کیس میں قومی احتساب بیورو کے سامنے آج پیش ہوں گے۔
نیب سابق وزیر اعظم کے خلاف متعدد مقدمات کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم شاہد خاقان عباسی کوپاکستان معدنی ترقیاتی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری سے متعلق ایک معاملے میں احتساب بیورو نے طلب کیا ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے ، ایل این جی کنٹریکٹ کیس اور پی ایس او تقرری کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے ۔
اس سے قبل منگل کے روز شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ نیب نے مجھے اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوٹس بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے 70 فیصد ممبران ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں جبکہ خود وزیراعظم عمران خان ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔