اسلام آباد :سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ادارے اب بھی مداخلت کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی پارٹی سے سینیٹ کے چیئرمین کے لئے امیدوار نامزد نہیں کیا اور اپوزیشن نے مشترکہ امیدوار کا اعلان کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی نے بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں عدم اعتماد کی بات نہیں کی اور تمام ممبران اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اب احساس ہوگیا ہے کہ نئے انتخابات کا انعقاد بھی ایک آپشن ہے اور یہ ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی 14 ووٹ کہاں سے لے کر آئے تھے، یہ معمہ ابھی حل نہیں ہوا، ماضی میں بہت سے تماشے دیکھے ہیں، یہ بھی دیکھ لیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سینیٹ ہال سے کیمرے نکلنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سلیکٹرز کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفور حیدری کامیاب ہونگے۔
چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل پولنگ بوتھ سے کیمرے برآمد ہونے پر اپنے ٹوئٹرپیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر سلیکٹرز بے نقاب ہوگئے ہیں،حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اترا آئی ہے لیکن اب سلیکٹرز کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔