کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعتِ اسلامی بھی میدان میں آ گئی، شاہراہِ فیصل پر دھرنا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعتِ اسلامی بھی میدان میں آ گئی، شاہراہِ فیصل پر دھرنا
کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعتِ اسلامی بھی میدان میں آ گئی، شاہراہِ فیصل پر دھرنا

کراچی میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف پی ٹی آئی کے بعد جماعتِ اسلامی بھی میدان میں آگئی ہے، شاہراہِ فیصل پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کی قیادت میں کے الیکٹرک آفس کے باہر دھرنے کے بعد شاہراہِ فیصل پر جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں، کارکنان اور عوام نے بھی دھرنا دے دیا۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہم 3 دن کا الٹی میٹم دے رہے ہیں، اگر کراچی کے شہریوں کے مسائل جوں کے توں رہے تو دھرنا آگے بڑھایا جائے گا۔

جماعتِ اسلامی کے امیر برائے کراچی ڈویژن نے گورنر ہاؤس اور وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پر دھرنے کی دھمکی دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان پر بدعنوانی کی سرپرستی کا الزام لگایا۔

امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اربوں کی نادہندہ ہونے کے باوجود حکومت نے 2 سال کے دوران 90 ارب روپے کی سبسڈی دی۔حکومت کے الیکٹرک کا آڈٹ کرائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف اعلیٰ عدلیہ کو بھی نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے  چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی کہ عوام کو ریلیف دلانے کیلئے کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کراچی سے ناجائز لوڈ شیڈنگ اور بے جا اوور بلنگ ختم نہیں ہوتی، ہم کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے ، بعد ازاں دھرنا مؤخر کردیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک اگلے 18ماہ میں بجلی درآمد کرنے کے قابل ہوگا۔ اسد عمر

Related Posts