اسلام آباد: تحریکِ انصاف کو الوداع کہنے کا سلسلہ جاری ہے، سابق رکنِ اسمبلی خرم علی خان نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق رکنِ اسمبلی خرم علی خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 2008ء میں ایم پی اے منتخب ہوا اور 2011ء تک ایم پی اے رہا ہوں۔
عمر ایوب اور شہزاد اکبر کے گھروں پر چھاپے، عمران خان کی مذمت
گفتگو کے دوران سابق رکنِ صوبائی اسمبلی خرم علی خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء میں ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کے ساتھ سفر جاری رہا۔
سابق رکنِ اسمبلی خرم علی خان نے کہا کہ ہمارے قبرستان شہداء سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہم اس بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتے جو ملک مخالف یا فوج مخالف ہو۔ 9 مئی کو جو کچھ کیا گیا، وہ اقدام درست نہیں تھا۔
پی ٹی آئی رہنما خرم علی خان نے کہا کہ ہماری سیاست ہمیشہ عدم تشدد پر مبنی رہی ہے۔ میں نے دوست احباب سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاقے کی بہتری کیلئے اپنی سیاست جاری رکھیں گے۔
خرم علی خان نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان اور ادارے ہیں۔ ملکی معیشت تب ٹھیک ہوگی جب ملک میں استحکام آئے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








