خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے صوبائی اسمبلی کے خصوصی بجٹ اجلاس میں صوبے کا 1 ہزار 332 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 16، پینشن میں 15 فیصد اضافہ منظور۔
وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ اس سال تاریخی ٹیکس کلیکشن کی گئی اور سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے گئے۔
صوبے کا بجٹ 1 ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا ہے، وزیر خزانہ
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے صوبے کا بجٹ 1 ہزار 332 ارب روپے رکھا گیا، بندوبستی اضلاع کے اخراجات کا تخمینہ 1109 ارب روپے لگایا ہے،ضم اضلاع کے اخراجات 223 ارب ہوں گے۔
صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 16 اور پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ تیمور سلیم نے بتایا کہ دو ماہ میں ملک میں مہنگائی کا بم آیا، جب حکومت چلانا نہیں آتی تو لی کیوں ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں 260 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی اخراجات ہوئے، خیبر پختونخوا دہشتگردی کا شکار صوبہ تھا اب سرمایہ کاری کا مرکز بن گیا ہے۔