سکھر: صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مسائل پر سیاست اور ڈرامے بازی کررہی ہے اگروہ مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو حکومت سے الگ ہو۔
سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم سنجیدہ ہے اور سمجھتے ہیں کہ مردم شماری میں غلطیاں ہوئی ہیں تو فوری طور پر حکومت سے الگ ہو کر استعفے دے اور حکومت کو قائل کرے وہ جن کے ساتھ ہیں ہمارا موقف واضح ہے اور ہم نے سی سی آئی میں بھی اس بات کو اٹھایا ہے جبکہ عدالت میں بھی گئے ہیں ہم نے پہلے روز ہی کہہ دیا تھا کہ ہمیں مردم شماری پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو احتجاج کرنا ہے تو پہلے استعفے دے اور اسلام آباد میں جاکر احتجاج کرے ہم ان کے ساتھ ہونگے کراچی میں احتجاج کرنے اور سندھ حکومت کے خلاف ان کا احتجاج بلا جواز ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں ضرور حصہ لیں گے تاہم اس سلسلے میں جو بھی پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس میں جو فیصلے ہونگے ان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
اس موقع پر پی ڈی ایم رہنما مولانا عبدالغفور حیدری، سید نوید قمر اور دیگر بھی موجود تھے۔