اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں کشیدگی موجود ہے، ایک جماعت بتا دیں جس کو لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرِ اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان غیر معمولی تقسیم سے گزر رہا ہے۔ جمہوریت اور آزادئ اظہارِ رائے کو خدشات لاحق ہیں۔ دہشت گردی بھی سر اٹھا رہی ہے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ علاقائی ٹینشن ختم نہیں ہورہی۔ کوئی ایک جماعت بتا دیں جسے لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت نہ ہو۔ مولانا فضل الرحمٰن کا دورہ غیر سرکاری تھا۔ کوئی بھی جماعت دو طرفہ تعلقات بہتر کرے تو اس کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔
نگران وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ایران کے واقعے پر سوشل میڈیا تقاضوں پر ردِ عمل نہیں دیں گے۔ یہ بچوں کا کھیل نہیں، ریاستوں کے درمیان کا معاملہ ہے۔ ایران کا حملہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس پر وزارتِ خارجہ کی جانب سے ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایرانی ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا ہے۔ یہ ابتدائی ردِ عمل ہے، مکمل نہیں۔ متعلقہ حکام اس پر غور میں مصروف ہیں۔ پاک ایران تعلقات میں اچھے برے معاملات آتے جاتے رہتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








