اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی اور ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو اور قوم سے خطاب آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف آج شام 4 بجے مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف مریم نواز کے ہمراہ برسوں بعد قوم سے خطاب کریں گے۔
مریم نواز کی ایون فیلڈ ہاؤس میں 3سال بعد نواز شریف سے ملاقات
وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف ایماندارانہ، کھری اور کھلی باتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف دل کی بات کریں گے جو بالکل دوٹوک ہوگی۔ ایسی گفتگو جو نواز شریف نے اس سے قبل کبھی نہ کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دورۂ لندن کے دوران 3 سال بعد ایون فیلڈ ہاؤس میں اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے 3 سال بعد اپنے والد سے ملاقات آج سے 2 روز قبل کی۔ نواز شریف نے اپنی بیٹی کو گلے سے لگایا۔ بھائی حسن اور حسین نواز نے بھی مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








