کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آج سے آٹھ بجے تک بازاروں کے افتتاح سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں، بازاروں کے اوقات کار کا فیصلہ پیر کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
ہفتہ کے روز عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر زیتون کے پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین نے امید ظاہر کی کہ پیر کے روز تاجروں کے بہت سارے مطالبات کو تسلیم کرلیا جائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تاجر نمائندوں تنظیموں سے کمشنر آفس میں ملاقات ہوئی، تاجروں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست قبول کی، تاجروں نے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھلنے رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ پیر کے اجلاس میں تاجروں کی سفارشات اور مطالبات رکھے جائیں گے۔
ماحولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہرکوئی اپنے حصے کا ایک پودا ضرورلگائے۔ سرسبزسندھ اورخوشحال پاکستان کے تحت ہرجگہ پودے لگائے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر گزشتہ روز تنقید نہیں کی بلکہ ایک موازنہ پیش کیا تھا۔
ناصر حسین نے کہا کہ تاجروں کے مطالبات اور سفارشات پیر کی میٹنگ میں پیش کی جائیں گی اور ہمیں امید ہے کہ مطالبات قبول کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تاجروں کو درپیش مشکلات کو پوری طرح سمجھتے ہیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ایسے فیصلے کرنے پر مجبور ہیں۔
اس سے قبل ، تاجر برادری نے سندھ حکومت کے غیر سنجیدہ روہے کے خلاف ، کراچی تاجر ایکشن کمیٹی (کے ٹی اے سی) نے ہفتہ (5 جون) سے شام 8 بجے تک مارکیٹیں کھلی رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
جمعہ کو دارالحکومت میں تجارتی تنظیموں کی ایک بڑی تعداد کی نمائندگی کرنے والی کراچی تاجر ایکشن کمیٹی (کے ٹی اے سی) نے دیگر تجارتی اداروں سے ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا ، کہا کہ صوبائی حکومت نے نہ تو کمیٹی سے رابطہ کیا اور نہ ہی پابندیوں سے متعلق ہمارے کسی مطالبے کو قبول کیا۔
تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے سے فی الحال دو ہفتہ وار چھٹیوں کی بجائے ایک دن کے لئے کاروبار بند رکھنے کے بارے میں بھی جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔ تاجروں کی کمیٹی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر پولیس یا انتظامیہ نے کوئی زبردستی کارروائی کی یا کورونا وائرس پابندیوں کو نافذ کرنے کے لئے مارکیٹیں اور دکانیں بند کرانے کی کوشش کی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ 25 مئی کو ، حکومت سندھ نے صوبہ میں کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی سمیت اضافی پابندیاں عائد کردی تھیں ، جبکہ صبح 5 بجے سے کاروباری سرگرمیوں کی اجازت سمیت پہلے کی پابندیوں کو برقرار رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر فریئرہال سبزرنگ کی روشنیوں میں نہلا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








