اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو عدالت نے مزید 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 02 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
مقتولہ نور مقدم کے والدین کے وکیل شاہ خاور نے عدالت سے ملزم کی 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔ مدعی کے وکیل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے کچھ ایسی چیزیں اور مزید کردار سامنے آئے ہیں، جن کی تحقیقات کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ بہت ضروری ہے۔
ایڈووکیٹ شاہ خاور کا کہنا تھا کہ چالیس گھنٹوں کی فوٹیج میں بہت سی نئی چیزیں سامنے آئی ہیں۔ ملزم کے وکیل نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرا لیا گیا ہے، ملزم سے تمام چیزوں کی ریکوری ہو چکی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟
تاہم عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد مدعی کے وکیل کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ملزم کا مزید دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ ملزم کو دوبارہ پیر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ مجموعی طور پولیس ملزم کا دس روز جسمانی ریمانڈ حاصل کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملزم واجد نے شادی سے انکار پر نسیم بی بی اور 14 ماہ کے بچے کو قتل کیا، پولیس ذرائع
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








