اسلام آباد: وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے 348 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رواں برس موسمیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے مصر میں خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کو 2030 تک ہر سال موسمیاتی تبدیلی سے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے 348ارب ڈالرز چاہئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف دفاعی نمائش کا افتتاح آج کریں گے
مصر میں خطاب کے دوران وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں وہ ابتدائی انتباہی نظام ہی مفقود ہے جو آب و ہوا کے خراب ہونے پر بنیادی انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کرسکے۔ رواں برس سیلاب کے باعث پاکستان میں بڑا نقصان ہوا۔ حکومت کیلئے واضح ہوچکا کہ ہمیں پاکستان میں موسم سے موافقت کو ترجیح دینا ہوگی۔
خطاب کے دوران وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت آلودگی کم کرنے کیلئے فطری ایندھن کی فراہمی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ ہم تمام کثیر الجہتی فورمز پر مصروفِ عمل ہیں تاکہ عالمی موسمیاتی نظام میں انفراسٹرکچرل اصلاحات لائی جاسکیں۔ پاکستان ملک کے شمال و جنوب میں 3 ارب درخت لگا کر جنگلات کی بحالی کیلئے پر عزم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں رواں برس آنے والے سیلاب نے تمام صوبوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی جس سے 1500 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ ساڑھے 3 کروڑ کے لگ بھگ شہری متاثر ہوئے۔ ہزاروں مویشی ہلاک اور سیکڑوں کلومیٹر پر محیط سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








