اسلام آباد: دفترِ خارجہ نے چینی جہاز کے حوالے سے بھارتی دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آنے والا چینی بحری جہاز صنعتی سامان لے کر آیا ہے جس کے حوالے سے بھارت بے بنیاد دعوے کر رہا ہے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی مکمل تفصیل اس کے حوالے سے دستاویزات میں دی گئی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ مذکورہ بحری جہاز کسی بھی ممنوعہ سامان سے پاک ہے۔ پاکستان سمیت کئی ممالک میں ایسی بھٹیاں ہیں جن میں جہاز پر لایا جانے والا سامان استعمال ہوتا ہے۔
بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ جہاز پر ایک ہیٹ ٹریٹمنٹ فرنس کیسنگ سسٹم لایا گیا جسے صنعتی شعبے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی بندرگاہ پر چینی بحری جہاز کو تحویل میں لینے کی سخت مذمت کرتے ہیں جبکہ بحری جہاز کا سازوسامان عالمی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ کا حصہ بھی نہیں۔