حزبِ اختلاف جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا دوسرا جلسہ آج پشاور میں ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اتحاد پشاور میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گا، جلسہ گاہ کیلئے پشاور رنگ روڈ کا مقام منتخب کر لیا گیا۔عوامی اجتماع کیلئے کنٹینرز جلسہ گاہ میں پہنچا دئیے گئے۔ شرکائے جلسہ کیلئے تقریباً 10 ہزار کرسیاں لگیں گی۔
مقامی پولیس کی ہدایات کے باوجود مبینہ طور پر پی ڈی ایم قیادت نے جلسہ گاہ میں کنٹینرز پہنچائے جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ جلسے سے قبل کنٹینرز نہ لگائے جایئں تاکہ پشاور کے شہری ذہنی اذیت اور کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔
مقامی قیادت کا کہنا تھا کہ کنٹینرز کو ہم راستے میں رکھنے کیلئے نہیں لائے، انہیں جلسہ گاہ میں ہی لگایا جائے گا جبکہ پی ڈی ایم کے دیگر جلسوں کے متعلق پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ ڈیمو کریٹک موومنٹ کے تمام جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسے کے پیشِ نظر پشاور پولیس نے ٹریفک پلان جاری کیا، چیف ٹریفک آفیسر پشاور کا کہنا تھا کہ کل صبح سے رات تک بڑی گاڑیاں صوبائی دارالحکومت میں داخل نہیں ہوسکیں گی۔
کوڑی پل سے لے کر چارسدہ روڈ تک پشاور رنگ روڈ بند ہوگی۔ سڑکوں کو بند کرنے کے باعث شہریوں کیلئے پشاور ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس تجویز کیے تھے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پشاور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکارکردیا گیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤکے خطرے کے پیش نظرپی ڈی ایم کوجلسے کی اجازت دینے سے 2 روز قبل انکار کیا جبکہ حکومت نے کورونا وائرس خدشات کے پیشِ نظر عوامی اجتماعات سے گریزاختیارکرنے کی ہدایت کی تھی۔
مزید پڑھیں: ضلعی انتظامیہ کا پی ڈی ایم کوجلسے کی اجازت دینے سے انکار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








