کراچی کے مشہور گرم اور مزے دار پائے کھانے کیلئے 3 منفرد مقامات

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے مشہور گرم اور مزے دار پائے کھانے کیلئے 3 منفرد مقامات
کراچی کے مشہور گرم اور مزے دار پائے کھانے کیلئے 3 منفرد مقامات

بلاشبہ پائے کراچی پنجاب، بالخصوص لاہور کی مخصوص ڈش کہلاتی ہے لیکن کراچی کے لوگ بھی پائے کھانا شوق سے پسند کرتے ہیں، صبح کے وقت پائے کا ناشتہ آپ کو دن بھر بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتا۔

یوں تو کراچی میں پائے کی ڈش کھانے کیلئے بے شمار مقامات موجود ہیں، کراچی کے جس بھی علاقے میں چلے جائیے، ہوٹلز کی اہم ڈشز میں پائے کو خاص اہمیت دی جاتی ہے اور اسے منفرد انداز سے تیار کیا جاتا ہے، تاہم آج ہم آپ کو کراچی میں پائے کے 3 اہم مقامات سے متعارف کرائیں گے۔

تینوں مقامات میں پائے کی ڈش بے حد مزیدار اور منفرد ذائقے کی حامل ہے، لوگ دور دور سے پائے کی ڈش کیلئے ان مقامات پر پہنچتے ہیں۔

اسلم ہوٹل اور پائے کی ڈش

سب سے پہلے کراچی کے علاقے اسٹار گیٹ کے سامنے واقع اسلم ہوٹل کا ذکر ضروری ہے جہاں ہوٹل مالک کا کہنا ہے کہ کراچی کے لوگ پائے کے بہت شوقین ہیں اور پایہ کھانا بہت پسند کرتے ہیں۔ سردی کے سیزن میں پائے کی ڈش زیادہ پسند کی جاتی ہے۔

اسلم ہوٹل کے مالک کا کہنا ہے کہ ہم 1988ء سے کام کر رہے ہیں۔ بعض اوقات عوام کے مطالبے کے مطابق مقدار میں پائے کی ڈش مہیا کرنا مشکل بھی ہوجاتا ہے لیکن جو ہمارا فرض ہے وہ ضرور پورا کرتے ہیں۔ ہم خود بھی پائے اپنی ہی دکان کے پسند کرتے ہیں۔

ڈش کی تیاری کے بارے میں بتاتے ہوئے ہوٹل مالک نے کہا کہ ہمارے پائے دیسی گھی میں تیار ہوتے ہیں، مصالحے بھی ہمارے گھر کے ہوتے ہیں، چھوٹے گوشت کے پائے سال کے 12 ماہ چلتے ہیں جسے کھانے والوں کی صحت پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔پائے کی ایک پلیٹ کی قیمت 200 روپے رکھی گئی ہے۔ 

ملا نہاری

یونیورسٹی روڈ پر واقع ملا نہاری نامی ہوٹل پر بھی پائے کی ڈش بہترین ذائقے کے ساتھ دستیاب ہے۔ ملا نہاری کے مالک کے مطابق ملا نہاری گزشتہ 20 برس سے پائے کی ڈش فروخت کرنے میں مصروف ہے۔ ہم دہلی اسٹائل کے پائے تیار کرتے ہیں۔ مصالحے ہمارے کاریگر تیار کرتے ہیں۔ ہماری ڈش بہت لذیذ ہوتی ہے۔

اوقاتِ کار کے بارے میں ملا نہاری کے مالک نے بتایا کہ ہم صبح 10 بجے سے کام شروع کردیتے ہیں اور دوپہر 2 بجے سے لے کر 3 بجے تک پائے ختم بھی ہوجاتے ہیں۔ نلی پائے کی پلیٹ 300 روپے میں جبکہ سادہ پائے کی پلیٹ 200 روپے میں فروخت کی جاتی ہے۔

رئیس ریسٹورنٹ

ہمارا پائے کی ڈش کیلئے تیسرا منفرد مقام لانڈھی کورنگی نمبر 6 پر واقع رئیس ریسٹورنٹ ہے جس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ 12 سال سے پائے تیار کرکے عوام کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق پائے سب سے پہلے رئیس ریسٹورنٹ کے مالک کی والدہ بنایا کرتی تھیں اور اب ان کی صاحبزادی بناتی ہیں۔ کوئی ہماری پائے کی ڈش ایک بار چکھ لے تو اسے ہوٹل کی بنائی ہوئی ڈش قرار نہیں دے سکتا۔ ہم پائے بالکل گھر کی طرح بناتے ہیں۔ یہاں پائے کی ایک پلیٹ کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔

Related Posts