اسلام آباد: ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے متعلق کہا ہے کہ دوست ممالک اور ادارے غیر جانبدار ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و اسپیکر پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کے دس بارہ ارکانِ قومی اسمبلی اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں۔متحدہ اور بی اے پی کا جھکاؤ اپوزیشن کی طرف ہے۔
پی ٹی آئی کی کشتی میں سوراخ، اتحادیوں کا رجحان اپوزیشن کیطرف ہے۔پرویز الٰہی
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم آصف زرداری کے اتحادی ہیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اختلافات ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حکومتی ترجمان کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نیب اور ایف آئی اے ہیں لیکن ان سے کوئی ڈر نہیں رہا۔
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت جن کی طرف دیکھ رہی تھی، ان کا بیان آگیا کہ وہ غیر جانبدار ہیں۔ دوست ممالک اور ادارے ان معاملات میں نہیں پڑ رہے۔ تحریکِ عدم اعتماد پر 25مارچ کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کشتی میں سوراخ ہوگیا ہے، اتحادیوں کا رجحان اپوزیشن کی طرف ہے۔وزیر اعظم مشکل میں ہیں۔
آج سے 2 روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ق لیگی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان 100 فیصد مشکل میں ہیں۔ تحریکِ انصاف کے سارے اتحادیوں کا 100 فیصد رجحان حکومت کی بجائے اپوزیشن کی طرف ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








