لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے زرعی و فوڈ سیکیورٹی امور جمشید اقبال چیمہ کے بچوں کو زہر دینے پر پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب 8 بجے کے قریب مشیرِ زرعی امور جمشید اقبال چیمہ کے 13 سال سے کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے زہر دیا جس سے بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔
بچوں کو فوری طور پر نجی ہسپتال منتقل کرکے ان کا معدہ واش کیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گھر کے ملازمین کو گرفتار کرلیاگیا۔
متعلقہ تھانے کی پولیس نے دونوں بچوں کو زہر دینے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ جمشید چیمہ کی اہلیہ مسرت جمشید کی مدعیت میں درج ہوا جس میں 5 ملازمین زیرِ حراست ہیں۔
پولیس کے مطابق جمشید اقبال کے خانساماں محمد اقبال، سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیورز وقار اور اقبال کے علاوہ محمد رمضان بھی گرفتار ہو گئے جن سے بچوں کو زہر دینے کے معاملے پر تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کے مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








