وزیرِ اعظم عمران خان 1 روزہ سرکاری دورے کیلئے آج داتا کی نگری لاہور پہنچیں گے جبکہ صوبائی حکومت نے وزیرِ اعظم کے استقبال کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دورۂ لاہور کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کریں گے جس کے دوران انہیں صوبے کی مجموعی صورتحال، کورونا وائرس اور دیگر اہم معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔ملاقات کے دوران اہم پراجیکٹ بھی زیرِ غور آئیں گے۔
صوبہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار وزیرِ اعظم عمران خان کو دریائے راوی فرنٹ اتھارٹی اور تھل کینال پراجیکٹس کے حوالے سے آگہی دیں گے۔ لاہور میں وزیرِ اعظم عمران خان ایک عالمی برانڈ کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
دورۂ لاہور کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان لاہور میں مون سون شجر کاری مہم کیلئے پودا بھی لگائیں گے۔ صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ترقیاتی پراجیکٹ پر وزیرِ اعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد وزیرِ اعظم عمران خان کو شعبۂ صحت سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی آگاہ کریں گی۔دورۂ لاہور کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کہوٹہ میں بھی مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کیلئے راولپنڈی جائیں گے جبکہ شجرکاری مہم مون سون کے موسم میں ملک بھر میں جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دیارِ غیر میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے وعدہ پورا کردیا۔وزیرِ اعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








