لاہور: حکومت کیخلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے آج کے اجلاس سے قبل مسلم لیگ ن کے اراکین قومی و پنجاب اسمبلی نے استعفے جمع کرانا شروع کردیئے۔
مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے لیگی رہنماؤں نے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے شروع کردیئے ہیں، ن لیگ کے ملک افضل کھوکھر نے استعفیٰ جمع کرا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ سینئر رہنماؤں نے استعفے جمع کرانے شروع کردیئے، ن لیگی رہنما استعفے دینے کیلئے تیار ہیں، سرگودھا سے ایم پی اے رانا منور غوث پہلے ہی استعفیٰ جمع کرا چکے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ڈی ایم کی تحریک میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کے استعفوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آٹھ دسمبر کو انشا اللہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں آر یا پار کا فیصلہ ہوگا،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز اپنی عزت کو پہچانیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر ساری جماعتوں نے فیصلہ کیا تو منتخب نمائندوں سے درخواست ہے کہ کسی کے دباؤ میں نہ آئیں او ر وفاداریاں بدلنے سے واضح انکار کر دیں، اگر کسی نے مجبوری میں بھی دغا کیا تو عوام ان کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔
پی ڈی ایم کل کے سربراہی اجلاس میں بڑے بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے، یہ خوشخبری بھی سنا دو ں کہ پاکستان کے عوام جنگ جیت چکے ہیں اور 13دسمبر کو مینار پاکستان پر صرف فتح کا اعلان ہونا باقی ہے،ایک منتخب وزیراعظم کو زائد المیعاد اقامے کی بنیاد پر نااہل کیا گیا اور ووٹ چوری کر کے نالائق حکومت کو ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا۔