اسلام آباد: الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے الزام کے ساتھ تحریکِ انصاف نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی پر امن احتجاج کا حصہ بنیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہفتے کے روز پورے ملک میں پر امن احتجاج ہوگا۔ انہوں نے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ملک گیر احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔
گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں یہ سمجھتی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، وہ احتجاج کا حصہ بنیں۔ ہم پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کا ہر فورم پر دفاع کر رہے ہیں۔ 20 سیٹیں مشکل سے جیتنے والی جماعت کو حکومت دی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ الیکشن عوام کی آزادی کا تعین کرتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو الیکشن پر بریفنگ دی تھی۔ ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی نے نشستوں پر جیت اپنے نام کی۔ ہمارا یک نکاتی ایجنڈا تھا کہ طاقت کی سیاست نہیں ہوگی۔
گوہر خان نے کہا کہ نہ ہم نے پی پی پی سے مذاکرات کیے، نہ کریں گے۔ احتجاج عوام کا آئین اور قانون کے مطابق حق ہے۔ احتجاج کرنے والوں کو گرفتار نہیں کیا جانا چاہئے۔ درخوات کرتے ہیں کہ 70حلقوں کے کیسز پر جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








