بلوچستان میں 2 حلقوں پر ری پولنگ، 8ہزار ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کرینگے

تازہ ترین

تازہ ترین

پولنگ
(فوٹو: آن لائن)

کوئٹہ: بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں پر ری پولنگ شروع ہوگئی، جہاں 8 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253 اور پی بی 9کے 7پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ووٹنگ شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ دونوں حلقوں میں 8 ہزار 263ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ری پولنگ کیلئے خواتین کے 2 اور 5 مشرکہ پولنگ اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

بلوچستان کے ساتوں پولنگ اسٹیشنز پر مختلف وجوہات کے باعث 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات مؤخر کردئیے گئے تھے، آج دوبارہ پولنگ ہورہی ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کو خوشاب، کوہاٹ اور گھوٹکی کے چند پولنگ اسٹیشنز پر بھی ری پولنگ ہوئی تھی۔

قبل ازیں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج 24گھنٹوں کے بعد بھی سامنے نہ آسکے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 8فروری کی رات 2 بجے تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے تمام نتائج جاری کرنے کا پابند کیا گیا تھا، جس کے بعد دھاندلی کے الزامات سامنے آئے۔

تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور سیاسی رہنماؤں نے پولنگ سے قبل اور بعد میں بھی دھاندلی کے الزامات عائد کیے، تاہم ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت بعض رہنماؤں نے انتخابات کے نتائج کو تسلیم بھی کیا۔

Related Posts