اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے میں 2 فضائی حملوں میں 10لبنانی شہریوں کو شہید کردیا ہے، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کو اشتعال انگیز کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ 4 ماہ میں سرحد پار سے سب سے خطرناک حملہ کرتے ہوئے صیہونی فوجی کے قتل کے چند گھنٹوں بعد ہی جنوبی لبنان کے ایک گاؤں اور شہر نبطیہ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 1 عمارت جزوی طور پر منہدم ہوگئی۔
عمارت گرنے کے باعث بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہوگئے۔ لبنانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے کے بعد ایک لڑکے کو جزوی منہدم عمارت کے ملبے سے زندہ نکالا گیا ہے۔ گاؤں پر حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے گزشتہ برس 7اکتوبر سے غزہ پر جاری حملوں کے نتیجے میں 28 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارات کے ملبے تلے ہزاروں شہری دب گئے جن کی بازیابی کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے عالمی سطح پر مظلوم فلسطینیوں کیلئے بھیجی جانے والی امداد بھی بند کر رکھی ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی عمارات کو جلانے، شہریوں پر ظلم و ستم اور بچوں سے بدسلوکی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








