واشنگٹن: امریکی حکومت نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط حکومت بنتی ہے یانہیں، اسے پاکستان کا اندرونی معاملہ سمجھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم پاکستان میں انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان ہی نہیں، کسی بھی جگہ ایسے الزامات کی تفتیش ضروری ہے۔
بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ مخلوط حکومت کا قیام پاکستان کیلئے ایک اندرونی معاملہ ہے، اس کا فیصلہ امریکا نہیں، پاکستان کرے گا۔ ہم پاکستان میں قائم ہونے والی کسی بھی نئی حکومت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کیلئے کام کریں گے۔
دریں اثناء ترجمان امریکی قومی سلامتی جان کربی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکی حکومت پاکستان میں ہونے والے انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے الزامات پر تشویش کا اظہار کرچکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مختلف الزامات سامنے آئے۔
ترجمان امریکی قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کے دوران ووٹرز کو ڈرانا دھمکانا، دبانا اور اس قسم کے دیگر واقعات رپورٹ ہوئے۔ امریکا اس معاملے کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے، عالمی مبصرین بھی دیکھ رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








