وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی شیئر کی گئی عزیر بلوچ کے ساتھی کی ویڈیو کے ردِ عمل میں نئی ویڈیو سامنے آ گئی جس میں حبیب جان بلوچ نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر یہ کہا کہ تحریکِ انصاف بھی عزیر بلوچ اور لیاری کی مدد سے کراچی میں آئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سماجی ایکٹیوسٹ ماروی سرمد نے کہا کہ اگر علی زیدی کی شیئر کی گئی حبیب جان بلوچ کی پہلی ویڈیو درست ہے تو اِس دوسری ویڈیو کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے۔
ویڈیو پیغام میں عزیر بلوچ کے ساتھی حبیب جان بلوچ نے کہا کہ سن 2014ء میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دھرنوں کو اگر عزیر بلوچ کی ٹیم سپورٹ نہ کرتی تو کراچی کا یہ ماحول ہی نہ بنتا۔ وفاقی وزیر برائے آبی امور فیصل واؤڈا سے پوچھیں کہ کیا حبیب جان بلوچ کی دھرنوں کیلئےبات ہوئی تھی؟
پیغام میں حبیب جان بلوچ نے کہا کہ کتنے دنوں تک دھرنوں کیلئے کراچی کے علاقے لیاری سے سوزوکیاں بھر بھر کر لوگ لائے گئے۔ سیفی ایڈووکیٹ صاحبہ وہاں کیا تقریریں کیا کرتی تھیں؟ ہمارے پاس دھرنوں اور تقریروں کی تصاویر موجود ہیں۔
عزیر بلوچ کے ساتھی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ہماری بات نہ ماننے چاہے تو الگ بات ہے تاہم لیاری کی سپورٹ سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان، علی زیدی یا فیصل واؤڈا کو کراچی میں گھومنے پھرنے تک کی اجازت نہیں تھی۔ واؤڈا امریکا میں جبکہ علی زیدی دبئی میں بیٹھے ہوئے تھے۔
حبیب جان بلوچ نے کہا کہ جب لیاری کی سپورٹ نہیں تھی تو عمران خان کو کراچی ائیرپورٹ سے واپس جانا پڑا۔ آج بھی کراچی کی دیواریں خان صاحب کے خلاف مغلظات سے بھری ہوئی ہیں۔ یہ لیاری کی ہمت تھی کہ انہوں نے پی ٹی آئی کیلئے ماحول تخلیق کیا ورنہ پی ٹی آئی کی کراچی میں قدم رکھنے کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور بانی متحدہ کے سامنے پی ٹی آئی کی کراچی میں کوئی پاور نہیں تھی۔ اگر لیاری نہ ہوتا تو انہوں نے امریکا، برطانیہ اور راء کو خط لکھے تھے کہ کراچی ہمارا ہے۔
So @AliHZaidiPTI how about this? https://t.co/GGhaWIsoWG
— Marvi Sirmed (@marvisirmed) July 12, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے دھماکہ خیز ویڈیو ریلیز کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کو مافیا ڈان قرار دے دیا۔
ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ جرم اور سیاست کو ساتھ ساتھ جاری رکھا گیا۔ مافیا ڈان آصف علی زرداری اور ان کے فرنٹ مین قادر پٹیل کو حبیب جان نے بے نقاب کر دیا ہے جو اِس تمام تر صورتحال میں ان کے ساتھ رہے۔
مزید پڑھیں: علی زیدی نے ویڈیو ریلیز کردی، آصف زرداری مافیا ڈان قرار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








