اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوارسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیئے۔
پی ٹی آئی کے فرید رحمان نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ان پر حقائق چھپانے کا الزام لگایاہے،درخواست گزار کا کہنا ہے کہ یوسف رضا نے توہین عدالت کیس میں سزایافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا۔
فرید رحمان نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 کے معیار پر پورا نہیں اترتے، یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل نہیں، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ امیدوار پلوشہ خان کے خلاف وکلا نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سینیٹ انتخابات کیلئے سیاسی جوڑ توڑ اور گہما گہمی عروج پر ہے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی ابتدائی فہرست آج جاری ہوگی۔
ملک بھر سے حکمراں سیاسی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر پارٹیز کی طرف سے 170 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ اسکروٹنی کا عمل کل 17 فروری سے شروع ہوگا۔