پلندری :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اب 1999 کی طرح نواز شریف اکیلا نہیں ہے، اس کی بیٹی اس کی سپاہی بن کر کھڑی ہے،حکومت کا یوم حساب قریب ہے۔
جمعرات کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کا نعرہ لگانے سے میری رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کیوں کہ میری رگوں میں خالصتاً کشمیری خون ہے۔انہوں نے کہا کہ میری آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی تھی جس میں عدم حاضری کی درخواست جمع کروائی کیوں کہ بھلے عدالت مجھ سے ناراض ہوجائے تاہم بلوچ والوں سے ملے بغیر پاکستان واپس نہیں جاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا نام سنتے ہی ان کے مخالفین اور عمران خان پر کپکی طاری ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے مضحکہ خیز جرم میں باہر نکال دیا، وزارت عظمیٰ چھین لی، مسلم لیگ (ن)کی صدارت بھی چھین لی، جیلوں میں ڈال دیا، جھوٹے مقدمے بنا دئیے، جیل میں قتل کی سازش بھی کی لیکن 3سال بعد آج بھی عمران خان کی صبح اور شام نواز شریف سے ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ روز بجائے اس کے کہ کابینہ کے اجلاسوں میں عوام کی بھلائی کے معاملات پر توجہ دی جائے صرف یہی منصوبہ بندی ہوتی ہے کہ نواز شریف کو کس طرح روکنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر انسانی منصوبہ بندی سے نواز شریف کو روکا جاسکتا تو آج نواز شریف کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہوتا لیکن آج 3 سال ہوگئے پاکستان اور آزاد کشمیر میں جہاں جہاں میں گئی، جہاں جہاں انتخابات ہوئے وہاں عوام نے نواز شریف کی آواز پر لبیک کہا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ یہاں ایک پیج پر بیٹھے ہیں اور نواز شریف لندن میں ہے اس کے باوجود نواز شریف ہر انتخاب میں انہیں ان کے گھر میں گھس کر مارتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ یہ یاد رکھو کہ اب 1999 کی طرح نواز شریف اکیلا نہیں ہے، اس کی بیٹی اس کی سپاہی بن کر ساتھ کھڑی ہے، سر توڑ کوششوں کے باوجود نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ (ن) نہیں ٹوٹی کیوں کہ عوام نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تمہاری سازشوں، خفیہ کارروائیوں پر نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے تو نکلوادیا عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔
انہوں نے کہاکہ نعرہ لگتا ہے کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا لیکن یہ سازش تیار ہورہی ہے۔پہلے کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک کر آگیا اور اب آزاد کشمیر کی پہچان اور تشخص چھیننے کی پوری تیاری ہے، مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد اب آزاد کشمیر پر نظر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک دشمن قوتوں کے لیے پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں اس سے سنہری موقع کبھی نہیں آیا انہیں معلوم ہے کہ جو غلط کام کوئی عوامی وزیراعظم نہیں کرے گا وہ کام عمران خان سے کروالو کیوں کہ اس کے پاس نہ جرات نہ شرم ہے نہ پاکستانی اور کشمیری عوام کی محبت ہے، کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک کر آجاتا ہے اور کہتا ہے کہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرو۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنے کی سازش جسے ورلڈ کپ کا نام دیا وہ امریکا میں بیٹھ کر رچائی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی راز جنہیں اصل میں غلطیاں کہنا چاہیے وہ صرف پاکستانی قوم کو معلوم نہیں باقی پوری دنیا کو معلوم ہوتے ہیں۔
انہوں نے طنزاً کہا کہ اس سے پاکستان کے عوام کو تو فرق پڑتا ہے لیکن عمران خان کو تیل کی قیمت بڑھنے سے اس لیے فرق نہیں پڑتا کیوں کہ وہ سائیکل پر اس وزیراعظم دفتر جاتے ہیں جو کہ ایک یونیورسٹی میں قائم ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی ہونے سے فرق اس فرد کو پڑتا ہے جسے اپنے بچوں کو روٹی کھلانی ہے، اسکولوں کی فیس بھرنی ہے، گاڑی یا بائیک میں پیٹرول ڈلوانا ہے گھر میں کوئی بیمار ہو تو اس کی دوا دارو کرنی ہے۔مریم نواز نے گھر گھر میں ذیابیطس کے مریض موجود ہیں اور 2 سے 3 روز قبل انسولین کی قیمتوں میں دسویں مرتبہ اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی معیشت تباہ کرنے، غریب کو اور غریب کرنے، لوگوں سے ان کا روزگار چھیننے، کاروبار تباہ کرنے، مریضوں سے ان کی دوائیاں چھیننے کے بعد اب نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبے مثلاً موٹرویز، ایئرپورٹس کو گروی رکھنے کی سازش کررہا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں پر یہ تنقید کرتے تھے کہ سڑکیں بنانے سے قومیں نہیں بنتیں، آج اسی نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکوں یہ گروی رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب آئے گا عمران تو بنے گا نیا پاکستان کی جگہ اب نعرہ ہونا چاہیے کہ جب آیا ہے عمران تو بکے گا سارا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مہنگائی، لاقانونیت، معیشت کی تباہی کے سونامی میں ڈبونے کے بعد اب اس کا ارادہ آزاد کشمیر کو بھی اسی سونامی کی لپیٹ میں لانے کا ہے، پہلے یہ پاکستان کو گروی رکھ کر آگیا تو کوئی پتا نہیں کہ کشمیر میں ووٹ چوری سے اگر حکومت بنائی تو یہاں کے پہاڑوں کو بھی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ آئے۔
مزید پڑھیں:عمران خان کٹھ پتلی وزیراعظم، عوام کی نہیں سلیکٹرز کی چوائس ہیں، مریم نواز
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








