بلدیاتی انتخابات ملتوی، فیصلہ چیلنج کرنے کیلئے پی ٹی آئی کا ہائیکورٹ جانیکا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: پی ٹی آئی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جانے کا فیصلہ چیلنج کرنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ تحریکِ انصاف الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتی ہے۔ کمیشن نے اپنے آپ کو مزید متنازع ثابت کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:

انٹیلی جنس نے پہلے ہی پی ٹی آئی کی جیت کا بتا دیا تھا، صحافی کا دعویٰ

اجتماع سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا کہ تحریکِ انصاف سندھ ہائیکورٹ میں یہ فیصلہ چیلنج کرے گی۔ الیکشن کمیشن جو پہلے ہی متنازعہ تھا، اس فیصلے کے بعد مزید متنازعہ ہوگیا۔

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات اور این اے 245 پر ضمنی انتخاب کا التوا پی پی پی اور ایم کیو ایم کی شکست کی نشانی ہے۔ پنجاب میں ضمیروں کا سوداگر منڈی سجا رہا ہے۔ سندھ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ آج ٹھپہ مافیا ایک بار پھر راہِ فرار اختیار کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کراچی کے سابق صدر اور رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے بھی سندھ حکومت پر تنقید کی۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے قبل از انتخابات دھاندلی کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جس میں 24 جولائی کو پولنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا، اسے گزشتہ روز ملتوی کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بارشوں کی پیشگوئی کے باعث انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست سامنے آئی تھی۔ ایم کیو ایم، چیف سیکریٹری اور جی ڈی اے کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر بھی الیکشن منعقد کرانے کے خلاف تھے۔ بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونگے۔ 

Related Posts